تشریح:
حضرت ابو ہریره ؓ کا مروان کے ساتھ بیٹھ جانا اس بات کی دلیل ہے کہ حضرت ابو ہریرہ ؓ کے نزدیک جنازے کے لیے کھڑا ہونا ضروری نہیں تھا۔ اس کی وضاحت ایک روایت سے ہوتی ہے۔ امام حاکم نے بیان کیا ہے کہ مروان نے حضرت ابو ہریرہ ؓ سے کہا کہ آپ نے مجھے اس قیام کے متعلق کیوں نہ مطلع کیا؟ حضرت ابو ہریرہ ؓ نے فرمایا کہ تم امام تھے، جب تم بیٹھ گئے تو میں بھی بیٹھ گیا۔ (المستدرك للحاکم: 356/1) اس کا واضح مطلب ہے کہ حضرت ابو ہریرہ ؓ اس حکم کو واجب خیال نہ کرتے تھے اور مروان کو اس مسئلے کے متعلق بالکل علم نہ تھا اور اس نے حضرت ابو سعید خدری ؓ کے بتانے پر فورا عمل کیا اور کھڑا ہو گیا۔ بہرحال یہ قیام پہلے تھا بعد میں اس عمل کو چھوڑ دیا گیا۔ والله أعلم۔