تشریح:
(1) رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر ان مقامات کی تعیین فرمائی۔ (2) قرن کے نام سے دو مقام مشہور ہیں: نشیبی علاقے کو قرن منازل اور چڑھائی کے علاقے کو قرن ثعالب کہا جاتا ہے۔ قرن ثعالب میقات نہیں ہے۔ اسی طرح یلملم بھی ایک پہاڑ کا نام ہے جو مکہ سے تیس میل کے فاصلے پر ہے لیکن جحفه کے مقام کو لوگوں نے ترک کر دیا ہے کیونکہ وہ وبائی امراض کی آماجگاہ ہے۔ جو وہاں پڑاؤ کرتا ہے اسے بخار چڑھ جاتا ہے، اس لیے لوگوں نے اس کے بالمقابل مقام رابغ کو میقات بنا لیا ہے۔ (فتح الباري:485/3) ذوالحلیفہ کو آج کل بئر علی کہا جاتا ہے۔ اس سے مکہ مکرمہ 198 میل دور ہے اور مدینہ سے دس میل آگے ہے۔ یہ میقات دیگر مواقیت سے مکہ جانے کے لیے بہت مسافت پر واقع ہے۔