تشریح:
(1) امام بخاری ؒ یہ عنوان قائم کر کے اور حدیث لا کر حضرت مجاہد کے موقف کی تردید کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ احرام باندھنے کے بعد قربانی کا اشعار کرنا چاہیے۔ حدیث میں ہے کہ نبی ﷺ نے پہلے اپنی قربانی کو قلادہ پہنایا، پھر احرام باندھا۔ (2) اس تقلید و اشعار کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اس کے ذریعے سے لوگوں کو خبردار کیا جاتا ہے کہ ان جانوروں کو کچھ نہ کہا جائے، نیز اگر وہ جانور دوسرے جانوروں سے گھل مل جائے تو اس کی تمیز ہو سکے۔ اگر گم ہو جائے تو اسے پہچانا جا سکے۔ جن حضرات نے ایسا کرنے سے منع کیا ہے وہ بہت دور کی کوڑی لائے ہیں۔ (فتح الباري:686/3)