تشریح:
1۔ ایک حدیث میں ہے کہ حضرت عائشہ ؓ نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کی: اللہ کے رسول! آپ کے اصحاب تو حج اور عمرہ دونوں کا ثواب لے کر واپس جا رہے ہیں جبکہ میں نے صرف حج ہی کیا ہے، عمرہ نہیں کیا تو آپ نے مجھ سے فرمایا: ’’تم اپنے بھائی عبدالرحمٰن ؓکے ساتھ مقام تنعیم جاؤ، وہاں سے عمرے کا احرام باندھ کر اسے مکمل کر لو۔‘‘ آپ نے مکہ کے بالائی حصے میں ان کا انتظار کیا۔ (صحیح البخاري، الجھاد، حدیث:2984) (2) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اہل مکہ اگر عمرہ کرنا چاہیں تو انہیں حرم سے باہر جا کر "حل" سے احرام باندھنا ہو گا۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت عائشہ ؓ کو مقام تنعیم سے عمرے کا احرام باندھنے کا حکم دیا کیونکہ دوسرے مقامات کی نسبت یہ مقام مکہ سے زیادہ قریب ہے۔ واللہ أعلم