تشریح:
(1) یہ عنوان حج کے لیے جانے والوں اور حج سے واپس آنے والوں کا استقبال کرنا، دونوں مواقع پر مشتمل ہے۔ اگرچہ اس حدیث میں حج کے لیے آنے والوں کے استقبال کا ذکر ہے، لیکن معنی کے اعتبار سے حج سے واپس جانے والوں کو بھی شامل ہے۔ (2) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ حاجیوں کی آمدورفت کے وقت ان کی تعظیم و اکرام کرتے ہوئے استقبال کرنا جائز ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے آپ کا استقبال کرنے والوں کا روکا نہیں بلکہ ایک کو اپنے آگے دوسرے کو پیچھے بٹھا کر استقبال کی توثیق فرمائی۔ اسی طرح جب کوئی جہاد کر کے یا کسی دوسرے سفر سے واپس آئے تو اس کی دل جمعی، خاطر داری اور الفت و محبت کے لیے استقبال کرنا جائز ہے۔ (3) یہ بھی معلوم ہوا کہ ایک سواری پر تین یا زیادہ آدمی سوار ہو سکتے ہیں بشرطیکہ سواری میں انہیں اٹھانے کی طاقت ہو، اور جس حدیث میں اس کی کراہت ہے وہ اس وقت ہے جب سواری ان کی متحمل نہ ہو۔ (عمدةالقاري:435/7) (4) واضح رہے کہ مذکورہ عنوان دو حصوں پر مشتمل ہے: ٭ حُجاج کا استقبال کرنا۔ ٭ سواری پر تین آدمیوں کو بیٹھنا۔ دوسرا حصہ تو واضح ہے، البتہ پہلا حصہ بھی عموم لفظ سے ثابت ہوتا ہے۔ واللہ أعلم