تشریح:
(1)زمانۂ جاہلیت کا رواج تھا کہ جب قرض کی مدت ختم ہوجاتی تو اگر مقروض اپنا قرض ادا کردیتا تو بہتر بصورت دیگر مدت بڑھادی جاتی اور اس کا سود بھی بڑھا دیا جاتا۔ہر سال اس طرح کرتے حتی کہ اصل زر سے سود کی رقم کئی گنا بڑھ جاتی۔اللہ تعالیٰ نے اس سے منع فرمایا ہے۔سود در سود کی وضاحت سے اس کی قباحت اور شناعت کو بیان کرنا ہے جس کا وہ ارتکاب کرتے تھے کہ ایک درہم قرض دے کر وہ کئی درہم وصول کرتے تھے۔(2) حدیث کی عنوان سے اس طرح مناسبت ہے کہ سود خور کئی گنا سود کھا کر پروا نہیں کرتا کہ حلال کھا رہا ہے یا حرام سے پیٹ بھررہا ہے۔(3)رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اصل مقصد امت کو خبردار کرنا ہےکہ ایک وقت آنے والا ہے جب سود کی وبا عام ہوجائے گی اور اس سے محفوظ رہنا بہت ہی دشوار ہوگا۔اللهم احفظنامنه.آمين.