تشریح:
امام بخاری ؒ نے حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ کی مذکورہ روایت اس لیے بیان کی ہے کہ راوئ حدیث حضرت ابو ہریرہ ؓ پر غیر فقیہ ہونے کی پھبتی کس کر مذکورہ حدیث کو مسترد کرنے والے حضرات گریبان میں نظر ڈالیں کہ مذکورہ حدیث کا مضمون حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے بھی مروی ہے جنھیں یہ حضرات فقہ اور اجتہاد میں امام تسلیم کرتے ہیں۔اس موضوع پر امام ابن قیم نے اعلام الموقعین میں بہت کچھ لکھا ہے۔حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے ایک روایت بایں الفاظ مروی ہے: ’’میں قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ صادق ومصدوق رسول اللہ ﷺ نے دودھ روکے ہوئے جانوروں کی بیع کو فریب قرار دیا ہے اور فرمایا کہ مسلمان کے ساتھ اس طرح کا دھوکہ کرنا جائز نہیں۔‘‘ (سنن ابن ماجة، التجارات، حدیث:2241)