تشریح:
(1) امام بخاری ؒ نے باہر سے آنے والے قافلوں کے استقبال کے جواز اور عدم جواز کی حدود کا تعین کیا ہے۔بعض حضرات کے نزدیک ممنوع استقبال شہر کے داخلے تک ہے، خواہ منڈی میں آئے یا نہ آئے۔اصل بات یہ ہے کہ قافلے والے جب شہر میں آئیں اور منڈی کا بھاؤ معلوم کرنا ممکن ہوجائے تو اس وقت استقبال کرکے ان سے غلہ خریدا جاسکتا ہے کیونکہ شہر سے باہر رہتے ہوئے اس وقت منڈی کے بھاؤ کا پتہ کرنا ناممکن تھا ، اس لیے منع کیا گیا۔ اگر شہر میں داخل ہونے کے بعد وہ بھاؤ کا پتہ نہ کریں تو یہ ان کا اپنا قصور ہے۔(2) امام بخاری ؒ نے ممنوع استقبال کی ابتدا بازار سے خروج کو قرار دیا ہے۔اگر منڈی میں داخل ہوجائیں تو ان کا استقبال منع نہیں اور منڈی سے باہر استقبال منع ہے اگرچہ شہر میں داخل ہی کیوں نہ ہوجائیں الغرض جہاں آگے جاکر آنے والے قافلوں سے غلہ خریدنا جائز ہے وہ بازار کا آخری کنارہ ہے اور جہاں خریدنا منع ہے وہ بازار سے خروج ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے لوگوں کو اسی جگہ خرید کر مال فروخت کرنے سے منع فرمایا۔اس سے معلوم ہوا کہ ایسا استقبال منع نہیں۔ ممنوع استقبال منڈی سے باہر ہے اور انتہا کی کوئی حد نہیں۔والله أعلم.