تشریح:
(1) صحیح بخاری کی ایک روایت میں یہاں تک اضافہ ہے کہ غلام کی شرم گاہ کے عوض آزاد کرنے والے کی شرمگاہ کو جہنم سے آزادی مل جائے گی۔ (صحیح البخاري، کفارات الأیمان، حدیث:6715) چونکہ شرک کے بعد سب سے بڑا گناہ زنا ہے، اس لیے خصوصی طور پر شرمگاہ کا ذکر کیا گیا ہے۔ (2) اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جب آزاد کردہ غلام کے اعضاء آزاد کرنے والے کے اعضاء کا فدیہ بن جاتے ہیں تو چاہیے کہ غلام کے اعضاء ناقص نہ ہوں، اس کا ہاتھ شل یا آنکھ کان وغیرہ میں خرابی نہ ہو۔ اگر اس کے تمام اعضاء صحیح ہوں گے تو پورا پورا ثواب ملے گا۔ (فتح الباري:183/5) (3) امام زین العابدین ؒ نے اپنے عمل سے اس حدیث کی صحت پر مہر تصدیق ثبت کی۔ یہ تصدیق کا مؤثر ترین انداز ہے، نیز اس سے ان کے جذبۂ اتباع کی ایک جھلک بھی سامنے آتی ہے کہ حدیث رسول سن کر انہوں نے فوراً اس پر عمل کیا۔