تشریح:
(1) رسول اللہ ﷺ نے پہلے قریش کے تمام لوگوں کو مخاطب کیا جو خاص طور پر آپ کی قوم کے لوگ تھے، پھر عبد مناف اپنے چوتھے دادا کی اولاد کو آواز دی، اس کے بعد خاص اپنے چچا اور پھوپھی، یعنی دادا کی اولاد کو پکارا، پھر اپنی خاص اولاد کو دعوت فکر دی۔ (2) اس حدیث سے امام بخاری ؒ نے ثابت کیا کہ قرابت داروں میں عورتیں اور بچے شامل ہوتے ہیں جیسا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنی پھوپھی حضرت صفیہ ؓ اور اپنی لخت جگر حضرت فاطمہ ؓ کو شامل فرمایا۔ لیکن وصیت میں صرف وہ رشتے دار شامل ہوں گے جو اس کے ترکے میں شرعی وارث نہ ہوں۔ (3) واضح رہے کہ اگر کسی نے قرابت داروں کے لیے وصیت کی ہو تو امام ابو حنیفہ ؓ کے نزدیک ہر وہ قرابت دار مراد ہو گا جو رحم کے ناتے سے ہو، بشرطیکہ وہ محرم ہو، خواہ باپ کی طرف سے ہو یا ماں کی طرف سے لیکن ابتدا باپ کی طرف سے ہو گی، مثلا: اگر چچا اور ماموں ہے تو وصیت چچا کے لیے ہو گی۔ اگر وہ نہ ہو تو ماموں حق دار ہو گا، البتہ ان کی اولاد کو وصیت شامل نہیں ہو گی کیونکہ ان کی اولاد سے رحم کا رشتہ تو ہے لیکن وہ محرم نہیں ہیں۔ امام شافعی ؒ فرماتے ہیں: ہر ذی رحم پر قرابت کا اطلاق ہو گا، خواہ وہ محرم ہو یا غیر محرم۔ ان کے نزدیک چچا، پھوپھی اور ماموں کی اولاد بھی قرابت میں شامل ہو گی۔ امام طحاوی ؒ نے قرابت کے متعلق پانچ اقوال اور ان کے دلائل ذکر کرنے کے بعد امام ابو حنیفہ ؒ کے موقف کو باطل قرار دے کر امام شافعی ؒ کے موقف کو اختیار کیا ہے۔ (شرح معاني الآثار:425/2) امام طحاوی ؒ کے اس جراءت مندانہ کردار کی علامہ عینی تعریف کرتے ہوئے فرماتے ہیں: ایک مجتہد امام جو کتاب اللہ اور سنت رسول اللہ سے احکام کو استنباط کرتا ہے اس کا یہی انداز ہونا چاہیے، یہی وجہ ہے کہ امام طحاوی ؒنے اس مسئلے میں امام ابو حنیفہ اور صاحبین (امام ابو یوسف اور امام محمد) کے قول کو ترک کر دیا ہے۔ (عمدة القاري:33/10) آخر میں امام بخاری ؒ کی ذکر کردہ متابعت کو امام ذہلی نے زہریات میں متصل سند سے بیان کیا ہے، نیز امام مسلم ؒ نے بھی ابن وہب کے حوالے سے روایت کیا ہے۔ (صحیح مسلم، الإیمان، حدیث:504(206)، و فتح الباري:468/5)