تشریح:
پہاڑ کی گھاٹی کا ذکر اس لیے ہے کہ وہ عام طور پر لوگوں سے خالی ہوتی ہے۔اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ لوگوں سے الگ تھلگ رہنا اور تنہائی اختیار کرنا افضل ہے جبکہ ایک حدیث میں ہے:’’وہ مومن جو لوگوں کے ساتھ گھل مل کررہے اور ان کی تکلیفیں پہنچانے پر صبر کرے تو وہ اس مومن سے بہتر ہے جو لوگوں میں گھل مل کر نہیں رہتا اور نہ ان کے تکلیفیں پہنچانے پر صبر ہی کرتا ہے۔‘‘ (جامع الترمذي، القیامة، حدیث:2507)اس کے درمیان تطبیق یہ ہے کہ مذکورہ افضلیت،اشخاص ،احوال اور اوقات کے اعتبار سے مختلف ہے کیونکہ جن لوگوں سے دوسروں کو دینی اور دنیاوی مفادات پہنچتے ہوں اور وہ لوگوں کی تکلیفوں پر صبر کرسکتے ہوں تو ان کے لیے مل جل کر رہنابہتر ہے اور جس شخص سے لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہنے کی وجہ سے گناہ سرزد ہوتے ہوں اور اس کی صحبت سے لوگوں کو تکلیف پہنچتی ہوتو اس کے لیے الگ تھلگ رہنا بہتر ہے۔