تشریح:
1۔ جب شہداء نے شہادت کے باعث اللہ کے ہاں کرامت وعظمت کو دیکھاتو انھیں یہ پسند نہ تھا کہ وہ دنیا میں واپس آئیں۔اس حدیث میں نبوت کی دلیل ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے مذکورہ حضرات کے متعلق شہادت کی خبر دی جبکہ آپ اس وقت مدینہ طیبہ میں تشریف فرماتھے۔ 2۔حضرت خالد بن ولید ؓ نے جب دیکھا کہ یہ حضرات شہید ہوگئے ہیں تو انھوں نے خیال کیا کہ اگر مسلمان اسی حال میں رہے تو ہلاک ہوجائیں گے اور قوت اسلام کو زبردست دھچکا لگے گا تو انہوں نے خود بخود افسری جھنڈا اپنے ہاتھ میں لے لیا تاکہ مسلمان ہمت نہ ہاریں،پھر زبردست حملہ کیا حتی کہ اللہ تعالیٰ نے انھیں فتح سے ہمکنار کیا اور رسول اللہ ﷺ بھی اس فعل سے راضی ہوگئے،حالانکہ آپ نے انھیں امیر نامزد نہیں کیا تھا اور نہ لشکر میں سے کسی نے ان کی بیعت ہی کی تھی۔ 3۔اس سے معلوم ہوا کہ ضرورت کے وقت شرعی احکام کی شرائط میں نرمی کی جاسکتی ہے۔واللہ أعلم۔