تشریح:
1۔ زندہ رہنے والا بچہ بڑی عورت کے پاس تھا اور چھوٹی عورت کے پاس اپنے دعویٰ کے ثبوت کے لیے کوئی دلیل نہیں تھی، اس لیے حضرت داؤد ؑ نے اپنے اجتہاد سے بڑی کے حق میں فیصلہ دے دیا لیکن فہم و فراست کسی کی میراث نہیں بلکہ یہ اللہ کا عطیہ ہے وہ جسے چاہتا ہے دے دیتا ہے۔ حضرت سلیمان ؑ کو اللہ تعالیٰ نےفہم وبصیرت کے خزانے سے وافر حصہ عطا کیا تھا جیساکہ قرآن کریم نے بھی اشارہ کیا ہے۔ (الأنبیاء 79) انھوں نے چھوٹی عورت کی گھبراہٹ دیکھی توحقیقت حال معلوم کرنے کے لیے ایک حیلہ نکالا، چنانچہ اس کے نتیجے میں وہ معاملے کی تہہ تک پہنچ گئے اور وہ بچہ چھوٹی کے حوالے کردیا۔ 2۔ چھری کو مدیة اس لیے کہتے ہیں کہ یہ حیوان کی مدتِ حیات ختم کردیتی ہے اور سکین اس لیے کہتے ہیں کہ اس کے ذریعے سے حیوان کی حرکت کو ساکن کردیاجاتا ہے۔