تشریح:
1۔ حضرت طاؤس سے روایت ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے اس آیت کے متعلق سوال ہوا تو حضرت سعید بن جبیر پھٹ سے بول پڑے کہ اس سے آپ کی آل مراد ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا:تم نے جلد بازی سے کام لیا ہے۔ بات دراصل یہ ہےکہ قریش کا کوئی قبیلہ ایسا نہ تھا جس کی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے قرابت نہ ہو۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی سے کہلوایا اگر تم کچھ اور نہیں کرتے تو کم از کم قرابت ہی کا لحاظ رکھو اور مجھے تکلیف پہنچانے سے بازرہو۔ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث:4818) 2۔ پہلی روایت میں ذکر تھا کہ قریش کو تمام قبائل عر ب پر فضیلت حاصل ہے اور اس حدیث سے پتہ چلا کہ رسول اللہ ﷺ کی قریش کے تمام قبائل سے قرابت داری ہے۔ اس سے معلوم ہواکہ رسول اللہ ﷺ کو تمام عرب پر فضیلت حاصل ہے۔