تشریح:
1۔ اس حدیث میں رسول اللہ ﷺ کے دو معجزے ہوئے ہیں:ایک قولی کہ آپ نے فرمایا:’’میں کل ایسے شخص کو جھنڈا دوں گا جو خیبر فتح کرے گا۔‘‘ چنانچہ ایسا ہی ہوا اور دوسرافعلی کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت علی ؓ کی آنکھوں میں لعاب دہن ڈالا توان کی آنکھیں صحیح ہوگئیں۔2۔اس حدیث میں حضرت علی ؓ کی شجاعت وبہادری کا ذکر ہے،نیز ان کی فضیلت کا بیان ہے کہ ان سے اللہ اور اس کے رسول محبت کرتے ہیں اور وہ بھی اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے محبت کے خوگر ہیں۔3۔سرخ اونٹ،عربوں کے ہاں بہت قیمتی اور نفیس مال شمار ہوتے تھے نیز کسی چیز کی نفاست بیان کرنے کے لیے ان الفاظ کو بیان کیا جاتاہے اور آخرت کو دنیا کے سازوسامان سے تشبیہ دینا صرف سمجھانے میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ہے ورنہ آخرت کا معمولی سا زرہ تمام دنیا اور اس کی ساری نعمتوں سے بڑھ کر ہے۔4۔اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ اسلام جنگ وقتال کا قطعاً حامی نہیں بلکہ یہ امن چاہتا ہے۔ا س کی جنگ صرف مدافعانہ ہوتی ہے۔رسول اللہ ﷺ نے حضر ت علی ؓ کو جو ہدایت دی اس کا مطلب یہ بھی تھاکہ جہاں تک ممکن ہو لڑائی کی نوبت نہ آئے بلکہ ان کی حتی المقدوررہنمائی کی جائے۔واللہ أعلم۔