تشریح:
یرموک علاقہ شام میں ایک مقام کا نام ہے ،اس جگہ رومیوں کے ساتھ بہت بڑا معرکہ برپا ہوا تھا۔حضرت عمر ؓ کے دورخلافت میں رومیوں کے خلاف یہ جنگ لڑی گئی۔لشکر اسلام کے سربراہ حضرت ابوعبیدہ بن جراح ؓ تھے۔اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو فتح دی۔بہت سا مالِ غنیمت مسلمانوں کے ہاتھ آیا ۔اس لڑائی میں حضرت زبیربن عوام ؓ نے دوسرے جاں نثاروں کے ساتھ اپنی بہادری اور جان نثاری کے جوہر دکھائے۔آپ جنگ جمل کو خیر باد کہہ کر مدینہ طیبہ واپس آرہےتھے کہ وادی سباع میں عمرو بن جرموز نامی شخص نے آپ کو قتل کردیا۔حضرت علی ؓ کو جب خیبر دینے کے لیے حاضر ہوا توآپ نے اس کے متعلق فرمایا:اسے دوزخ کی خوشخبری سنادو۔آپ کو10 جمادی الاولیٰ 36ہجری بمطابق 25 نومبر 656ء کو شہید کیا گیا۔شہادت کے دن ان کی عمر 77 برس کی تھی۔۔۔ رضي اللہ تعالیٰ عنه ۔۔۔ان کے ترکے میں جو اللہ تعالیٰ نے برکت ڈالی، اس کی تفصیل پہلے کتاب الجہاد میں گزرچکی ہے۔امام بخاری ؒ نے اس پر مستقل ایک عنوان قائم کیا ہے۔