تشریح:
1۔ عنوان میں اگر تصاویر کا عطف (مصلّب) پر ہو تو اس کے معنی یہ ہوں گے۔ اگر ایسے کپڑے میں نماز پڑھی جائے جس پر صلیب کا نقش ہو یا دوسری تصویریں ہوں تو اس کا کیا حکم ہے؟ اگر اس کا عطف "ثوب" پر ہو تو اس کا ترجمہ یوں ہو گا اگر ایسے کپڑے میں نماز پڑھی جائے جس پر صلیب کا نشان ہو یا ایسی جگہ پر نماز ادا کی جائے جہاں تصاویر ہوں تو ایسی نماز کا کیا حکم ہے؟اس روایت سے تصاویر کے متعلق معلوم ہوا کہ نماز تو فاسد نہیں ہو گی، البتہ کراہت برقرار رہے گی۔ اس حدیث کی تفصیل دیگر روایات میں اس طرح ہے کہ حضرت عائشہ ٍ کے پاس ایک پردہ تھا جسے انھوں نے گھر کے ایک حصے پر لٹکا رکھا تھا رسول اللہ ﷺ نے اس کی طرف نماز پڑھ کرناگواری کا اظہار فرمایا ۔ حضرت عائشہ ؓ نے اسے اتار کر دوٹکڑے کر دیے جو دو تکیوں کے غلاف بنے۔ رسول اللہ ﷺ ان پر تکیہ لگا کر آرام فرماتے تھے۔ (سنن النسائي، الزینة، حديث:5357) اس سے معلوم ہوا کہ شریعت کا منشا ان تصاویر و تماثیل کی توہین کرنا اور انھیں عزت واحترام کے مقام سے گرانا ہے، لہٰذا ہر وہ صورت جس سے اس کی تعظیم ہوتی ہو ممنوع ہوگی۔ اور جس سے اس کی اہانت ہو وہ مطلوب مجسمے یا تصاویر بنانا اور فوٹو لینا بہر صورت ناجائز و حرام ہیں، کیونکہ اس میں اللہ تعالیٰ کی صفت تخلیق کی مشابہت کے علاوہ عبادت غیر اللہ اور بہت سے مفاسد ہیں، یعنی ان سے بے شمار برائیوں اور بداخلاقیوں کا دروازہ کھلتا ہے۔ اس لیے ناجائز و حرام ہیں۔ چونکہ یہاں مقصود نماز کا مسئلہ ہے تصویر کا مسئلہ بتانا مقصود نہیں، لہٰذا اس کی تفصیل کتاب اللباس میں آئے گی۔ 2۔ اس روایت میں اگرچہ صلیب کا ذکر نہیں، تاہم رسول اللہ ﷺ کو اس کا نقش اس درجہ قابل نفرت تھا کہ جہاں اس کا نقش پاتے اسے مٹا دیتے یا اکھاڑ دیتے، چنانچہ حدیث میں ہے حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا:رسول اللہ ﷺ اپنے اپنے گھر میں اگر کوئی ایسی چیز دیکھتے جس پر صلیب کا نشان ہوتا تو اسے توڑڈالتے۔ (صحیح البخاري، اللباس، حدیث:5952) امام بخاریؒ نے مذکوہ حدیث پیش کر کے اس روایت کی طرف اشارہ کردیا جس میں صلیب کے توڑنے کا ذکر ہے۔ بعض حضرات نے یہ کہا ہے کہ صلیب بھی ایک شکل میں تصویر ہی ہے اور تصویر ہی کے حکم میں اسے ممنوع قراردیا جائے گا۔ حافظ ابن حجر ؒ نے یہ جواب دیا ہے کہ چونکہ دونوں کی عبادت کی جاتی ہے، لہٰذا ایک ذکر کر کے دوسری کو اس پر قیاس کر لیا گیا۔ (فتح الباري:628/1) ممکن ہے کہ حضرت عائشہ ؓ کے گھر کی کسی دیوار میں عیب ہوا اور آپ نے اسے چھپانے کے لیے یہ پردہ استعمال کیا ہو، کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے زیب و زینت کے طور پر درودیوار کی پردہ پوشی سے منع کیا ہے۔ فرمان نبوی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں منع فرمایا ہے کہ ہم اس کے رزق کو پتھروں اور اینٹوں کی پوشش پر صرف کریں۔ (سنن أبي داود، اللباس، حدیث:4153)