تشریح:
غزوہ بنوقریظہ درحقیقت ایک اعصابی جنگ تھی۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے دلوں میں رعب ڈال دیا۔ انھوں نے پچیس روزقلعے میں محصور رہنے کی بنا پر یقین کرلیا تھا کہ ان میں مسلمانوں سے مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں، اس لیے انھوں نے خود کو رسول اللہ ﷺ کے حوالے کردیا۔ قبیلہ اوس کے انصار نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کی: اللہ کے رسول ﷺ! قبیلہ بنو قینقاع سے آپ نے جو سلوک فرمایا تھا وہ آپ کو یاد ہی ہے اور وہ ہمارے بھائی خزرج کے حلیف تھے اور بنوقریظہ ہمارے حلیف ہیں، لہذا ان پر احسان فرمائیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’آپ لوگ اس پر راضی نہیں کہ ان کے متعلق آپ ہی کا ایک آدمی فیصلہ کرے؟‘‘ انھوں نے کہا:کیوں نہیں۔ آپ نے فرمایا: ’’یہ معاملہ سعد بن معاذ ؓ کے حوالے ہے۔‘‘ قبیلہ اوس کے انصار نے کہا: ہم اس پر راضی ہیں۔ بنوقریظہ کو بھی ان سے سابقہ تعلقات کی بنا پر توقع تھی کہ وہ ہماری رعایت کریں گے۔ حضرت سعد بن معاذ ؓ نے جو فیصلہ کیا وہ حدیث میں صراحت سے موجود ہے۔ ان کے فیصلے کے متعلق رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تم نے ان کے متعلق وہی فیصلہ کیا ہے جو سات آسمانوں کے اوپر سے اللہ تعالیٰ کا فیصلہ ہے۔‘‘حضرت سعد ؓ کا یہ فیصلہ انتہائی عدل وانصاف پر مبنی تھا کیونکہ بنو قریظہ نے مسلمانوں کے ساتھ موت وحیات کے نازک ترین لمحات میں خطرناک غداری کی تھی۔ اس کے علاوہ انھوں نے مسلمانوں کے خاتمے کے لیے ڈیڑھ ہزار تلواریں، دوہزار نیزے، تین زرہیں پانچ سو ڈھالیں مہیا کررکھی تھیں جن پر مسلمانوں نے فتح کے بعد قبضہ کرلیا۔ اس کے بعد انھیں مدینہ لاکر قتل کردیا گیا جس کی تفصیل اگلی حدیث میں بیان ہوگی۔ ان شاء اللہ۔