تشریح:
1۔ ھدی قربانی کےجانوروں کو کہاجاتا ہے بکریوں کے گلے میں ہار پہنایا جاتا ہے تاکہ لوگوں کو پتہ چل جائے کہ یہ قربانی کےجانورہیں اور ان سے چھیڑ چھاڑ نہ کریں اور اونٹ کو کوہان کی دائیں جانب سے نیزہ مار کر خون آلود کیا جاتا ہے۔ اس کامقصد بھی صرف لوگوں کا مطلع کرنا ہوتا ہے۔
2۔ رسول اللہ ﷺ نے حدیبیہ روانگی سے پہلے عمرہ کرنے کا اعلان کیا۔ بے شمار صحابہ کرام ؓ جو خانہ کعبہ دیکھنے کی تڑپ رکھتے تھے عمرے کے لیے تیار ہوگئے۔ مقام ذوالحلیفہ پر احرام باندھا اور آٹھ دن سفر کرکے مکہ مکرمہ کے قریب پہنچ گئے تھے۔عسفان کے قریب آپ کو پتہ چلا کہ قریش آپ سے لڑنے اور بیت اللہ سے روکنے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔ آپ نے راستہ تبدیل کرلیا۔ جب ثنیۃ المراد پہنچے توآپ کی اونٹنی بیٹھ گئی۔ لوگوں نے کہا:آ پ کی اونٹنی اَڑ گئی ہے۔ آپ نے فرمایا: ’’قصواء اڑی نہیں اور نہ اس کی یہ عادت ہی ہے بلکہ اسے اس ہستی نے روکاہے جس نے ہاتھی کو روک دیا تھا۔‘‘ پھرآپ نے فرمایا: ’’اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے!یہ لوگ جس معاملے کا مطالبہ کریں گے جس میں اللہ کی حرمتوں کی تعظیم ہوگی میں اسے ضرورتسلیم کروں گا۔‘‘ اس کے بعد اونٹنی اچھل کرکھڑی ہوگئی۔ اس کے بعد آپ نے مقام حدیبیہ میں ایک چشمے پر نزول فرمایا۔ یہ حدیث متعدد مقامات پر بیان ہوئی ہے۔ (صحیح البخاري، الشروط، حدیث:2731۔2732)