تشریح:
1۔فتح مکہ کے وقت کچھ لوگ نئے نئے مسلمان ہوئے تھے، ان کا اسلام کمزورتھا، ان کے دل جمانے کے لیے رسول اللہ ﷺ نے انھیں بہت سا مال دیا، انھیں مؤلفۃ القلوب کہا جاتا ہے۔ مؤرخین نے چالیس سے کچھ زیادہ حضرات کے نام ذکر کیے ہیں۔ اس تقسیم پر انصار غمناک ہوئے تو آپ نے انھیں حقیقت حال سے خبردار کیا، پھر آپ نے انصار کی دل جوئی فرمائی جس سے یہ حضرات خوش ہوگئے۔ رسول اللہ ﷺ نے مزید تواضع اور انکسار کرتے ہوئے فرمایا: ’’اگرتم چاہو تو کہہ سکتے ہو کہ آپ ہمارے پاس آئے، لوگوں نے آپ کو جھوٹا کہا، لیکن ہم نے آپ کو سچا جانا۔ آپ کمزور تھے ہم نے آپ کی مدد کی۔ آپ تنہا تھے ہم نے آپ کو جگہ دی اورآپ کی ہرطرح سے موافقت کی۔‘‘ یہ سب کچھ آپ نے بطور تواضع فرمایا تھا ورنہ نصرت ومواسات وغیرہ اللہ کی توفیق اور اس کی عنایات کا نتیجہ تھا۔ بہرحال رسول اللہ ﷺ نے انصار کو خبردار کیا کہ اللہ تعالیٰ کا تم پر بڑا احسان ہے، اس سے غفلت نہ کرو، دنیا فانی کے اسباب لے کر کیا کرو گے اور انھیں کب تک استعمال کرو گے۔ (فتح الباري:64/8)