تشریح:
1۔ اس مقام پر یہ حدیث مختصر بیان ہوئی ہے جبکہ دوسرے مقام پر امام بخاری ؒ نے اسے تفصیل سے بیان کیا ہے کہ جب یہ آیت نازل ہوئی تو صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین پر بہت گراں گزری اور انھوں نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کی کہ ہم میں سے کون ایسا ہے جس نے کبھی ظلم نہ کیا ہو؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : "ایسا نہیں جیسا تم نے سمجھا ہے بلکہ اس ظلم سے مراد شرک ہے کیا تم نے نہیں سنا۔" جو حضرت لقمان نے اپنے لخت جگر کو نصیحت کرتے ہوئے کہا تھا: ''اے بیٹے ! شرک نہ کرنا کیونکہ شرک بہت بڑا ظلم ہے۔" (صحیح البخاري، أحادیث الأنیباء، حدیث:3429)
2۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کی زبان اگرچہ عربی تھی اور قرآن بھی عربہ زبان میں نازل ہوا تھا تاہم بعض دفعہ انھیں آیت کا مفہوم سمجھنے میں مشکل پیش آجاتی تھی۔ واللہ اعلم۔