تشریح:
1۔عام طور پر آج کل ایک رسم کے طور پر جنازے میں شرکت کی جاتی ہے، لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ ہمارا عزیز یا دوست ہے۔ بعض اوقات سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے بھی جنازہ پڑھا جاتا ہے، ثواب تک نظر نہیں جاتی۔ شریعت نے احتساب کا لفظ بڑھا کر اس جانب توجہ دلائی ہے کہ اگر اس عمل خیر کے ساتھ یہ نیت کرلیں کہ ہم اپنے مسلمان بھائی کا آخری حق ادا کر رہے ہیں اور مخلصانہ دعاؤں کے ساتھ اسے الوداع کر رہے ہیں تو اس سے اجر وثواب میں بہت اضافہ ہوجاتا ہے۔
2۔ اس سے مقصود بھی مرجیہ کی تردید ہے جنھوں نے طاعات کو ایمان سے بالکل الگ کردیا ہے۔ حدیث میں توجنازے میں شرکت کو داخل ایمان بتایا جارہا ہے، پھر اجر میں کمی بیشی کا بھی ذکر ہے کہ اگرصرف نماز میں شرکت ہوگی توایک قیراط دفن میں بھی شریک ہوں گے تو دوقیراط ملیں گے۔
3۔ دنیا کے پیمانے کے لحاظ سے ایک قیراط بارہ درہم کا ہوتا ہے، البتہ آخرت میں اجر و ثواب کے لحاظ سے ایک قیراط احد پہاڑ کےبرابر ہے، چنانچہ بخاری کی ایک روایت میں اس کی وضاحت ہے۔ (صحیح البخاري، الجنائز، حدیث: 1325) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بیان کردہ روایت کی جب حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے تصدیق کی تو حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما فرمانے لگے کہ ہم نے تو بہت قیراط ضائع کردیے۔ (صحیح البخاري، الجنائز، حدیث: 1324)
4۔ جنازے کے متعلق تین چیزیں ہیں: میت کے ساتھ رہنا، نماز میں شرکت کرنا، دفن تک ساتھ رہنا، اگرصرف دفن میں شریک ہوا تو اسے اجر تو ملے گا لیکن اجر موعود(جس کا وعدہ کیا گیا ہے) سےمحروم ہوگا، یعنی اسے دو قیراط نہیں ملیں گے۔ صرف نماز کی شرکت یا صرف دفن کی شرکت سے ایک قیراط ملتا ہے۔ (فتح الباري: 146/1) آخر میں امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس روایت کی متابعت بیان کی ہے، یعنی عثمان مؤذن نے روح کی موافقت کی ہے لیکن اس متابعت میں دولحاظ سے فرق ہے: (الف) روح کی روایت میں عوف راوی حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ اور محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ سے نقل کرتا ہے۔ جبکہ عثمان مؤذن کی روایت میں صرف محمد بن سیرین سے بیان کرتا ہے۔ (ب) روح کی روایت باللفظ ہے جبکہ عثمان مؤذن کی روایت بالمعنی ہے ،اس لیے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اسے (مثله) کے بجائے (نحوه) سے تعبیر کیا ہے۔