تشریح:
اللہ تعالیٰ کا اپنے بندوں پر یہ حق ہے کہ وہ خالص اس کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں اور اگر وہ اس حق کو ادا نہیں کریں گے تو وہ ظلم کے مرتکب ہوں گے۔ یہ ایک ایسا جرم ہے جو ناقابل معافی ہے، چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے فرمایا: تجھے معلوم ہے کہ اللہ کا اس کے بندوں پر کیا حق ہے؟ اور بندوں کا اللہ پر کیا حق ہے؟ حضرت معاذ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے عرض کی: ’’اللہ اور اس کے رسول ہی بہتر جانتے ہیں۔‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ کا بندوں پر حق یہ ہے کہ وہ اسی کو عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ بنائیں اور بندوں کا اللہ پر حق یہ ہے کہ جو بندہ شرک نہ کرتا ہو اللہ اسے عذاب نہ دے۔‘‘ (صحیح البخاري، الجھاد والسیر، حدیث:2856)