تشریح:
1۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نکاح میں اس وقت تو بیویاں تھیں حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا، حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا، حضرت ام حبیبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا، حضرت سودہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا، اور حضرت ام سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا قریش سے تھیں اور باقی چار، حضرت صفیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا، حضرت میمونہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا، حضرت زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا، اورحضرت جویریہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا،ان کے علاوہ تھیں۔
2۔ فتوحات کے نتیجہ میں جب مسلمانوں کی حالت پہلے سے بہتر ہو گئی تو انصار اور مہاجرین کی عورتوں کو دیکھ کر ازواج مطہرات رضوان اللہ عنھن اجمعین نے بھی نان و نفقے میں اضافے کا مطالبہ کر دیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم چونکہ سادگی پسند تھے اس لیے ازواج مطہرات رضوان اللہ عنھن اجمعین کے اس مطالبے سے سخت رنجیدہ ہوئے اور آپ نے بیویوں سے ایک ماہ کے لیے علیحدگی اختیار کر لی۔ جیسا کہ حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں سیدنا عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاں تشریف لائے اور اجازت چاہی۔ آپ نے انھیں اندر آنے کی اجازت دے دی۔ سیدنا عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دیکھا کہ آپ کے پاس آپ کی بیویاں غمگین اور خاموش بیٹھی ہیں۔ آپ نے فرمایا ’’میرے گرد بیٹھی خرچ کا مطالبہ کر رہی ہیں جیسا کہ تم دیکھ رہے ہو۔‘‘ پھر آپ نے ان سے ایک مہینے کے لیے علیحدگی اختیار کر لی۔ (صحیح مسلم، الطلاق، حدیث: 3690۔(1478))
3۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک ماہ کے بعد بالا خانے سے نیچے اترے تو حضرت ام سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے عرض کی: آپ نے ایک ماہ کا کہا تھا آج انتیس دن ہوئے ہیں؟ آپ نے انگلیوں کے اشارے سے بتایا کہ مہینہ تیس (30) دن کا بھی ہوتا اورانتیس (29) دن کا بھی گویا وہ مہینہ انتیس (29) دن کا تھا۔ (صحیح البخاري، الطلاق، حدیث: 3690۔(1478))
4۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ مرد اگر بیوی کو اختیار دیتا ہے تو اسے طلاق قرار دیا جائے گا لیکن یہ بات غلط ہے کیونکہ اگر عورت علیحدگی اختیار نہیں کرتی تو کسی صورت میں طلاق نہیں ہو گی جیسا کہ ازواج مطہرات رضوان اللہ عنھن اجمعین نے علیحدگی کے بجائے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ رہنا پسند کیا تو اس اختیار کو طلاق شمار نہیں کیا گیا۔ (صحیح البخاري، الصوم، حدیث: 1910)