تشریح:
1۔ پہلی حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت جبرئیل کودیکھا تھا جبکہ اس حدیث میں ہے کہ آپ نے سبزفرش دیکھا تھا ان میں تطبیق کی یہ صورت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت جبرئیل علیہ السلام ہی کو دیکھا تھا لیکن وہ سبز فرش پر سبز رنگ کا ریشمی لباس پہنے ہوئے تھے جیسا کہ حدیث میں ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت جبرئیل علیہ السلام کو دیکھا جنھوں نے سبز رنگ کا ریشمی لباس زیب تن کیا ہوا تھا اور زمین و آسمان کا درمیانی حصہ ڈھانپ رکھا تھا۔ (جامع الترمذي، تفسیر القرآن، حدیث:3283)
2۔ حضرت جبرئیل علیہ السلام کے علاوہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جنت اور دوزخ کے بعض مناظر بھی دکھائے گئے تھے باقی بڑی بڑی نشانیوں کی تفصیل تو اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے۔