تشریح:
1۔ حروف سبعہ کی تعیین میں بہت اختلاف ہے۔ بعض اہل علم نے اس سے سات لغات مراد لی ہیں لیکن یہ صحیح نہیں ہے کیونکہ حضرت ہشام اور حضرت عمرؓ دونوں قریشی تھے، ان کی لغت ایک تھی، اس کے باوجود ان کا اختلاف ہوا۔ یہ کوئی معقول بات نہیں کہ رسول اللہﷺ ایک ہی آدمی کو قرآن مجید ایسی لغت میں سکھلائیں جو اس کی لغت نہ ہو۔ بعض حضرات نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ اس سے مراد ایک معنی کو مختلف حروف و الفاظ سے ادا کرنا ہے اگرچہ ایک ہی لغت ہو کیونکہ حضرت عمر اور حضرت ہشامؓ کی ایک ہی لغت تھی۔ اس کے باوجود ان کی قراءت میں اختلاف ہوا۔ اس سلسلے میں دو باتوں پر اتفاق ہے: ©۔ قرآن کریم کو سبعہ حروف سے پڑھنے کا یہ مطلب نہیں کہ قرآن کریم کے ہر لفظ کو سات طریقوں سے پڑھنا جائز ہے کیونکہ چند ایک کلمات کے علاوہ بیشتر کلمات اس اصول کے تحت نہیں آتے۔ ©۔ سبعہ حروف سے مراد ان سات ائمہ کی قراءت ہر گز نہیں جو اس سلسلے میں مشہور ہیں کیونکہ سب سے پہلا شخص جس نے ان سات قراءات کو جمع کرنے کا اہتمام کیا وہ ابن مجاہد ہے جس کا تعلق چھٹی صدی سے ہے۔
2۔ امام جزری ؒ فرماتے ہیں کہ میں اس حدیث کو بہت مشکل خیال کرتا تھا حتی کہ میں نے تیس سے زیادہ سال تک اس پر غور و خوض کیا۔ میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ قراءت کا اختلاف سات وجوہ سے باہر نہیں ہے جو حسب ذیل ہیں: ©۔ معنی اور صورت خطی میں تبدیلی کے بغیر صرف حرکات میں اختلاف ہو، جیسا کہ کلمہ یَحسَبُ کو دو طرح اور کلمہ بُخل کو چار طرح پڑھا گیا ہے۔ ©۔ صورت خطی میں اختلاف کی بجائے صرف معنی میں اختلاف ہو، جیسا کہ ﴿فَتَلَقَّى آدَمُ مِنْ رَبِّهِ كَلِمَاتٍ﴾ کو دو طرح پڑھا گیا ہے: آدم کی رفعی اور کلمات کی نصبی حالت۔ ٭آدم کی نصبی اور کلمات کی رفعی حالت۔ ©۔ صورت خطی کی بجائے حروف میں تبدیلی ہو گی، جس سے معنی بھی بدل جائے گا جیسا کہ تبلوا کو تتلوا پڑھا گیا ہے۔©۔ صورت صورت خطی کی بجائے حروف میں تبدیلی ہو گی، لیکن اس سے معنی میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، جیسا کہ بصطۃ کو بسطۃ اور الصراط کو السراط پڑھا گیا ہے۔ ©۔ صورت خطی کی بجائے حروف میں تبدیلی ہو گی، جس سے معنی بھی بدل جائےصورت خطی اور حروف دونوں کی تبدیلی ہو گی جس سے معنی بھی تبدیل ہو گا، جیسا کہ أشد منکم کو أشد منهم پڑھا گیا ہے۔ صورت خطی کی بجائے حروف میں تبدیلی ہو گی، جس سے معنی بھی بدل جائےتقدیم و تاخیر کا اختلاف ہو گا، جیسا کہ فیقتلون ویقتلون میں ہے، اس میں پہلا معروف اور دوسرا مجہول ہے اسے یوں پڑھا گیا ہے۔ ویقتلون فیقتلون۔ ©۔ حروف کی کمی بیشی میں اختلاف ہو گا، جیسا کہ و أوصی کو و وصی پڑھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اظہار و ادغام، روم و اشمام، تفخیم و ترقیق، مد و قصر، امالہ و فتح، تحقیق و تسہیل اور ابدال و نقل وغیرہ جسے فن قراءت میں اصول کا نام دیا جاتا ہے۔ یہ ایسا اختلاف نہیں ہے جس سے معنی یا لفظ میں تبدیلی آتی ہو (النشر:1/26)۔ دور حاضر میں بعض اہل علم کی طرف سے یہ دعوی کیا جاتا ہے کہ قرآن کریم کی ایک ہی قراءت ہے جو ہمارے مصاحف میں ثبت ہے، اس کے علاوہ جو قراءت مدارس میں پڑھی یا پڑھائی جاتی ہیں یا بعض علاقوں میں لوگوں نے اختیار کر رکھی ہیں وہ سب فتنۂ عجم کی باقیات ہیں۔ ہمارے رجحان کے مطابق مذکورہ دعوی بلا دلیل ہے کیونکہ یہ قراءات صحابہ وتابعین سے تواتر کے ساتھ منقول ہیں اور رسم عثمانی کی حدود کے اندر اور اس کے مطابق ہیں۔
3۔ واضح رہے کہ قرآن کریم میں کسی بھی قراءت کے مستند ہونے کے لیے درج ذیل قاعدہ ہے: © جو قراءت قواعد عربیہ کے مطابق ہو اگر یہ مطابقت بوجہ ہو۔ مصاحف عثمانیہ میں سے کسی ایک کے مطابق ہو، خواہ یہ مطابقت احتمالاً ہو، نیز وہ صحیح متواتر سند سے ثابت ہو۔ اس اصول کے مطابق جو بھی قراءت ہوگی وہ قراءت صحیحہ اور ان حروف سبعہ میں سے ہے جن پر قرآن نازل ہوا ہے اور تمام مسلمانوں پر اس کا قبول کرنا واجب ہے۔ اگر ان تینوں شرائط میں سے کسی شرط میں خلل آجائے تو وہ قراءت شاذہ، ضعیف یا باطل ہوگی۔(النشر:9/1) بہرحال قراءات متواترہ جنھیں احادیث میں احرف سبعہ سے تعبیر کیا گیا ہے وہ آج بھی موجود ہیں اور ان کے انکار کی کوئی معقول وجہ نہیں ہے۔ واللہ اعلم۔
4۔ اس امر کی وضاحت بھی ضروری ہے کہ تدوین قرآن کے وقت عربی کتابت نقاط وحرکات سے خالی ہوتی تھی، اس لیے ایک ہی نقش میں مختلف قراءات کے سما جانے کی گنجائش تھی۔لوگوں کی سہولت کےلیے جب حروف پر نقاط حرکات لگیں تو قرآن مجید بھی علیحدہ علیحدہ قراءت میں شائع ہونے لگے، چنانچہ ہمارے ہاں برصغیر میں قراءت امام عاصم بروایت حفص رائج ہے، اس طرح مغرب،الجزائر،اندلس اور شمالی افریقہ میں قراءت نافع بروایت ورش عام ہے اور اسی کے مطابق قرآن کریم کی اشاعت ہوتی ہے چنانچہ راقم نے مدینہ طیبہ میں دوران تعلیم میں قراءت نافع بروایت قالون اور بروایت ورش دونوں الگ الگ مصاحف دیکھے تھے، نیز قراءت امام کسائی کا مصحف بھی نظر سے گزراتھا۔یہ وضاحت اس لیے ضروری تھی کہ ہمارے ہاں روایت حفص پر مشتمل مصاحف ہی دستیاب ہیں، اس لیے اسے قرآن کے مترادف خیال کیا جاتاہے اور اس بنیاد پر دوسری متواتر قراءات کا انکار کیا جاتا ہے جبکہ حقیقت حال اس کے برعکس ہے۔ حال ہی میں سعودی عرب کے مجمع الملک فہد نے بھی لاکھوں کی تعداد میں روایت ورش، روایت دوری اور روایت قالون کے مطابق مصاحف ان مسلم ممالک کے لیے طبع کیے ہیں جن میں ان کے مطابق قراءت کی جاتی ہے۔ واللہ المستعان۔