تشریح:
اس آیت کریمہ میں باپ کے سامنے اپنی زینت کھولنے کی اجازت کا بھی ذکر ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ اس سلسلے میں سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی حدیث لائے ہیں کہ انھوں نے اپنے والد گرامی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا زخم دھویا اور اس میں بوریا جلا کر اس کی راکھ بھری۔ اس کام میں زینت کھولنے کی ضرورت پڑی۔ اس سے معلوم ہوا کہ عورت اپنے باپ کے سامنے زینت کھول سکتی ہے۔ (فتح الباري: 426/9) لیکن اس تکلف کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ کتاب النکاح میں میاں بیوی کے مسائل بیان ہو رہے ہیں۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے عنوان میں ذکر کیا ہے کہ عورت اپنے خاوند کے سامنے اپنی زینت کا اظہار کرسکتی ہے۔ اس حدیث کے مطابق سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ ان کے شوہر نامدار حضرت علی رضی اللہ عنہ بھی موجود تھے جو پانی لانے کی خدمت سرانجام دے رہے تھے۔ اس سلسلے میں سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا نے اپنی زینت، یعنی چہرہ اور ہاتھ وغیرہ چھپانے کا کوئی اہتمام نہیں کیا۔ اسی سے امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنا مدعا ثابت کیا ہے۔ والله اعلم