تشریح:
(1) ایک روایت میں ہے کہ عورت پانچویں قسم کے موقع پر ذرا ٹھہر گئی تو ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں: ہم سمجھے کہ وہ اپنے قصور کا اعتراف کرے گی مگر وہ کہنے لگی: میں اپنی قوم کو ساری عمر کے لیے ذلیل اور رسوا نہیں کرنا چاہتی، چنانچہ اس نے پانچویں قسم اٹھا کر لعان مکمل کر دیا۔ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4747)
(2) امام بخاری رحمہ اللہ نے اس عنوان سے بھی ایک مشہور اختلاف کی طرف اشارہ کیا ہے کہ لعان کرتے وقت پہلے مرد کو آگے آنا چاہیے یا عورت بھی پہل کر سکتی ہے؟ ہمارے رجحان کے مطابق لعان کی ابتدا مرد سے ہونی چاہیے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اسی طرح بیان کیا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا طریق کار بھی یہی تھا کہ پہلے مرد لعان کرتا، پھر عورت سے قسمیں لی جاتیں جیسا کہ جمہور اہل علم کا موقف ہے لیکن اگر عورت سے لعان کا آغاز ہوا تو بھی لعان صحیح ہے اگرچہ خلاف سنت ہوگا۔ واللہ أعلم