تشریح:
(1) اگر کھانے کے شروع میں بسم اللہ بھول جائے تو جب یاد آ جائے اسی وقت بسم الله أولَه و آخِرَه پڑھے، اس طرح آغاز میں بسم اللہ نہ پڑھنے کی تلافی ہو جاتی ہے۔ (سنن أبي داود، الأطعمة، حدیث: 3767)
(2) کھانا دائیں ہاتھ سے کھانا چاہیے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو بائیں ہاتھ سے کھانا کھاتے دیکھا تو آپ نے فرمایا: ’’دائیں ہاتھ سے کھاؤ۔‘‘ وہ کہنے لگا: میں دائیں ہاتھ سے نہیں کھا سکتا، حالانکہ وہ کھا سکتا تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اچھا تو آئندہ دائیں ہاتھ سے نہیں کھا سکے گا۔‘‘ اس کے بعد اس کا دایاں ہاتھ مفلوج ہو گیا۔ (صحیح مسلم، الأشربة، حدیث: 5268 (2021)) اللہ تعالیٰ نے اس شخص کو جھوٹ کی سزا دی، لہذا ہمیں دائیں ہاتھ سے کھانے پینے کا اہتمام کرنا چاہیے۔