تشریح:
(1) اس حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے سامنے بخار کی شدت کا ذکر کیا، لیکن یہ اللہ تعالیٰ کے فیصلے پر رضا مندی کا ہی ایک انداز تھا۔
(2) دراصل حرف شکایت کا تعلق نیت و ارادے سے ہے۔ بہت سے خاموش رہنے والے بیماری آنے کے بعد دل میں کڑھتے رہتے ہیں جو معیوب ہے اور بہت سے زبان سے اظہار کرنے والے دل سے اللہ تعالیٰ کے فیصلے کو تسلیم کر لیتے ہیں اور یہ معیوب نہیں ہے۔ بہرحال اس کا دارومدار زبان سے اظہار پر نہیں بلکہ دل کے فعل پر ہے۔ (فتح الباري: 158/10)