تشریح:
(1) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مکہ مکرمہ میں احرام کے بغیر داخل ہونا بھی جائز ہے۔ احرام صرف اس وقت ضروری ہے جب حج یا عمرے کی نیت ہو۔
(2) حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ فتح مکہ کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب مکہ مکرمہ میں داخل ہوئے تو آپ نے سیاہ عمامہ باندھا ہوا تھا۔ (سنن ابن ماجة، اللباس، حدیث: 3586) اس کا جواب یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مختلف اوقات میں دونوں، یعنی پگڑی اور خود باندھے ہوں گے، چنانچہ ممکن ہے جس وقت آپ داخل ہوئے ہوں اس وقت آپ کے سر مبارک پر خود ہو اور پھر اسے اتار کر سیاہ پگڑی پہن لی ہو کیونکہ ایک روایت میں ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کعبہ کے دروازے پر سیاہ پگڑی پہنے ہوئے خطبہ دیا تھا۔ (سنن ابن ماجة، اللباس، حدیث: 3584) ابن بطال نے کہا ہے کہ فتح مکہ کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا خود پہن کر داخل ہونا اس بات کی علامت ہے کہ آپ حالت جنگ میں داخل ہوئے تھے اور آپ محرم نہیں تھے۔ (عمدة القاري: 26/15)