تشریح:
(1) خمیصہ کالی چادر کو کہتے ہیں جو حریث کی طرف منسوب ہے۔ ممکن ہے کہ قبیلۂ قضاعہ کا یہ شخص اس قسم کی اونی چادریں بناتا ہو۔ بعض حضرات نے اسے جونیہ پڑھا ہے جو بنی جون کی طرف منسوب ہے یا اس کا رنگ سیاہ و سفید تھا، اس بنا پر اسے جونیہ کہا گیا ہے۔
(2) اس سیاہ اونی چادر کے بہت سے فوائد ہیں: سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ایسی سیاہ گرم چادر رکھنے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی یاد تازہ ہو جاتی ہے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے ایک اونی چادر کو سیاہ رنگ سے رنگ دیا، آپ نے اسے زیب تن فرمایا مگر جب اس میں پسینہ آیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس میں اون کی بو محسوس کی تو اسے اتار پھینکا۔ (سنن أبي داود، اللباس، حدیث: 4074)