تشریح:
ایک روایت میں ہے کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی حضرت زینب رضی اللہ عنہا کو دھاری دار ریشمی قمیص پہنے دیکھا۔ (سنن ابن ماجة، اللباس، حدیث: 3598) لیکن یہ روایت شاذ ہے۔ محفوظ روایت میں حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا کا نام ہے۔ احادیث میں اس امر کی وضاحت ہے کہ سونا اور ریشم مردوں کے لیے حرام اور عورتوں کے لیے حلال ہے، چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ریشم اپنے دائیں ہاتھ میں پکڑا اور سونا اپنے بائیں ہاتھ میں لیا، پھر فرمایا: ’’بےشک یہ دونوں میری امت کے مردوں پر حرام ہیں۔‘‘ (سنن أبي داود، اللباس، حدیث: 4057) حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ آپ نے فرمایا: ’’یہ دونوں میری امت کی عورتوں کے لیے حلال ہیں۔‘‘ (مسند أحمد: 392/4)