تشریح:
(1) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی مبارک میں اس قدر سفیدی نہیں تھی کہ اسے باقاعدہ رنگنے کی ضرورت پڑتی۔ چند گنتی کے بال ضرور سفید ہوئے تھے، جنہیں رنگا بھی گیا تھا یا خوشبو کے استعمال سے وہ سرخ ہو گئے تھے۔ چونکہ سیدنا انس رضی اللہ عنہ نے آپ کو داڑھی رنگتے نہیں دیکھا، اس لیے انہوں نے اس کا انکار کیا ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے بال نہیں رنگے لیکن سیدنا ابوبکر اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہما نے خضاب استعمال کیا تھا۔ (صحیح مسلم، الفضائل، حدیث: 56073 (2341)) اور جن صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے آپ کو رنگتے ہوئے دیکھا انہوں نے بیان کیا ہے، چنانچہ حضرت ابو رمثہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں نے دیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی مہندی سے رنگی ہوئی تھی۔ (سنن أبي داود، الترجل، حدیث: 4208) حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی داڑھی کو ورس اور زعفران سے زرد کرتے تھے۔ (سنن النسائی، الزینة، حدیث: 5246)
(2) اگر بڑھاپے کی وجہ سے سر یا داڑھی میں سفید بال آ جائیں تو انہیں اکھاڑنا نہیں چاہیے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا ہے۔ (مسند أحمد: 206/2)