تشریح:
(1) پہلے ایک حدیث میں تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم گھر میں داخل نہیں ہوتے تھے کیونکہ گھر میں ایک تصویردار پردہ تھا، جبکہ اس حدیث کے مطابق تصویروں والے پردے کی موجودگی میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز ادا کی، ان دونوں احادیث میں تطبیق کی صورت یہ ہے کہ جس پردے کی موجودگی میں آپ گھر میں داخل نہیں ہوئے تھے وہ جاندار کی تصاویر تھیں اور اس حدیث میں صرف نقش و نگار والے پردے کا ذکر ہے۔
(2) اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ نماز میں خضوع و خشوع ہونا چاہیے اور جو چیز خشوع کے لیے رکاوٹ ہو اسے دور کرنا ضروری ہے۔ (فتح الباري: 481/10) امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث پر ایک عنوان ان الفاظ میں قائم کیا ہے: (باب: إن صلی في ثوب مصلب أو تصاوير هل تفسد صلاته؟) ’’اگر کسی نے صلیب یا تصویر والے کپڑے میں نماز پڑھی تو کیا اس کی نماز فاسد ہے؟‘‘ (صحیح البخاري، الصلاة، باب: 15)