تشریح:
(1) جن دو بچوں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ہمراہ سوار کیا وہ سیدنا عباس رضی اللہ عنہ کے بیٹے حضرت فضل اور حضرت قثم رضی اللہ عنہ تھے جیسا کہ آئندہ ایک حدیث میں صراحت ہے۔ (صحیح البخاري، حدیث: 5966) ایک حدیث میں سواری پر تین آدمیوں کو ایک ساتھ بٹھانے کی ممانعت ہے، وہ حدیث ضعیف ہے، (مجمع الزوائد: 8/109، رقم: 13236، و سلسلة الأحادیث الضعیفة: 1/706، رقم: 493) بصورت صحت اس کے معنی یہ ہیں کہ جب جانور کمزور ہو تو اس پر تین آدمی نہ بیٹھیں اور اگر وہ سواری تین آدمیوں کو اٹھا سکتی ہے تو اس پر تین آدمی بیٹھ سکتے ہیں جیسا کہ پیش کردہ حدیث میں ہے۔
(2) چونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اونٹنی پر سوار تھے اور اونٹنی طاقتور جانور ہے، لہذا اس پر تین آدمیوں کا بیٹھنا منع نہیں ہے، لیکن گدھا اس قدر طاقتور نہیں ہوتا کہ اس پر تین آدمی بیٹھیں، لہذا اس قسم کی سواری پر تین آدمی اکٹھے سوار نہ ہوں۔ (فتح الباري: 496/10)