تشریح:
(1) بعض روایات میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے وقت حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کی عمر دس برس تھی، لیکن صحیح موقف یہ ہے کہ اس وقت ان کی عمر تیرہ برس تھی کیونکہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما شعب ابی طالب میں پیدا ہوئے تھے۔ جب قریش نے بنو ہاشم کا بائیکاٹ کر رکھا تھا۔ یہ ہجرت سے تین برس پہلے کا واقعہ ہے اور دس سال آپ مدینہ طیبہ میں رہے ہیں، اس لیے تیرہ برس والی روایت ہی قابل اعتماد ہے۔ ان کا ختنہ وفات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے اور حجۃ الوداع کے بعد ہوا تھا۔
(2) واضح رہے کہ عربوں کے ہاں عورتوں کا بھی ختنہ کیا جاتا تھا، چنانچہ حضرت ام عطیہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ مدینہ طیبہ میں ایک عورت ختنے کیا کرتی تھی۔ اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ختنہ گہرا نہ کیا کرو کیونکہ اس میں عورت کے لیے زیادہ لذت اور شوہر کے لیے بھی یہ کیفیت زیادہ پسندیدہ ہوتی ہے۔‘‘ (سنن أبي داود، الأدب، حدیث:5271) چونکہ ہمارے ہاں اہل مشرق میں یہ عمل غیرمعروف ہے، اس لیے یہ عمل عورتوں کے لیے ضروری نہیں، البتہ جہاں اس کی ضرورت محسوس ہو یا وہاں کا معمول ہو تو اسے پر عمل کیا جا سکتا ہے۔ واللہ أعلم