تشریح:
مدینہ طیبہ میں پہلے پہلے مسلمانوں کا یہ عقیدہ تھا کہ قیامت کے بعد عذاب کا مرحلہ شروع ہو گا، اس سے پہلے کسی کو عذاب سے دوچار نہیں کیا جائے گا، پھر مدنی زندگی کے اواخر میں بذریعۂ وحی پتا چلا کہ عذابِ آخرت سے پہلے عذاب قبر ہو گا جیسا کہ درج ذیل روایت سے پتا چلتا ہے۔ ایک یہودی عورت، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا کام کاج میں ہاتھ بٹاتی تھی۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا جب بھی اس کے ساتھ حسن سلوک کرتیں تو وہ ان الفاظ میں دعا دیتی: ’’اللہ تجھے عذاب قبر سے بچائے۔‘‘ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کی: اللہ کے رسول! کیا عذابِ قبر برحق ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’یہود، غلط کہتے ہیں، قیامت سے پہلے کسی قسم کا عذاب نہیں ہو گا۔‘‘ پھر کچھ وقت اسی طرح گزارا، آخر کار رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن دوپہر کے وقت باہر تشریف لائے اور بآواز بلند اعلان فرما رہے تھے: ’’اے لوگو! عذاب قبر سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگا کرو کیونکہ عذاب قبر برحق ہے۔‘‘ (مسند أحمد: 81/6) حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ایک حدیث سے اس امر کی مزید وضاحت ہوتی ہے، فرماتی ہیں: ’’میرے پاس یہودیوں کی ایک عورت آئی، اس نے کہا: کیا تم جانتی ہو کہ تمہیں قبروں میں امتحان سے دوچار ہونا پڑے گا؟ یہ سن کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’قبروں میں تو یہودیوں کو امتحان سے دوچار کیا جائے گا۔‘‘ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: پھر چند روز کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’کیا تمہیں معلوم ہے کہ تم بھی قبروں میں امتحان سے دوچار ہو گے؟ مجھے اس امر کی وحی کی گئی ہے۔‘‘ اس کے بعد میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ آپ اکثر عذاب قبر سے پناہ مانگتے تھے۔ (صحیح مسلم، المساجد، حدیث: 1319 (584))