تشریح:
(1) ان احادیث میں حضرت خباب بن ارت رضی اللہ عنہ کے واقعات کو ایک خاص تسلسل سے بیان کیا گیا ہے کہ پہلے تو انہوں نے اللہ تعالیٰ کے لیے اپنا گھر بار چھوڑا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ ہجرت کی۔ ہجرت کرنے والوں میں کچھ ایسے حضرات بھی تھے جنہوں نے دنیا سے کچھ حاصل نہ کیا۔ ان میں سے حضرت مصعب بن عمیر رضی اللہ عنہ بھی تھے جنہیں وفات کے بعد پورا کفن بھی نصیب نہ ہوا۔ ایسے لوگ فتوحات کے نتیجے میں حاصل ہونے والا آرام نہ پا سکے بلکہ انہوں نے اپنی ساری نیکیاں آخرت کے لیے ہی جمع کر لیں۔ کچھ لوگوں نے فتوحات کا زمانہ پایا۔ انہوں نے اس کے نتیجے میں دنیا آرام اور مال و متاع حاصل کیا اور بڑے بڑے مکانات تعمیر کیے۔ انہیں اس قدر دولت ملی کہ پانی مٹی کے علاوہ انہیں اپنی دولت کا کوئی مصرف نظر نہیں آتا۔
(2) گرمی، سردی اور بارش وغیرہ سے محفوظ رہنے کے لیے اگرچہ مکان ضروری ہے لیکن بے جا عمارتیں کھڑی کرنا، محض فخر و مباہات اور نمودونمائش کے لیے کئی کئی منزلہ پلازے تعمیر کرنا اسلامی مزاج کے خلاف ہے، اسے کسی صورت میں اچھا کام نہیں کہا جا سکتا۔ امام بخاری رحمہ اللہ کا ان احادیث سے یہی مقصود ہے کہ انسان کا بڑی بڑی عمارتوں پر اپنی دولت صرف کرنا دنیا کی زیب و زینت کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔ اسلام کا مزاج قطعاً اس کی اجازت نہیں دیتا۔ واللہ المستعان