تشریح:
(1) ایک دوسری روایت میں ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم طواف کر رہے تھے تو آپ نے ایک انسان کو دیکھا جس کا ہاتھ دوسرے انسان کے ساتھ رسی وغیرہ سے بندھا ہوا تھا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہ رسی کاٹ دی اور فرمایا: ’’اسے اپنے ہاتھ سے پکڑ کر چلو۔‘‘ (صحیح البخاري، الحج، حدیث: 1620)
(2) روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس نے نذر مانی تھی کہ اس انداز سے بیت اللہ کا طواف کرے گا جیسا کہ امام نسائی رحمہ اللہ نے اسے صراحت کے ساتھ بیان کیا ہے۔ (سنن النسائي، الأیمان والنذور، حدیث: 3841، و فتح الباري: 718/11) بہرحال ایسی نذر کو پورا کرنے کی شرعاً اجازت نہیں جس سے خواہ مخواہ خود کو تکلیف میں ڈالنا مقصود ہو۔ واللہ أعلم