تشریح:
(1) اس حدیث سے امام بخاری رحمہ اللہ نے استدلال کیا ہے کہ مال کا اطلاق کپڑوں اور سامان پر بھی ہوتا ہے جیسا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ہمیں وہاں مال غنیمت کے طور پر سونا چاندی نہیں بلکہ اموال، یعنی مویشی، کپڑے اور دیگر سامان ملا تھا، پھر انہی اموال میں سے وہ کمبل تھا جسے مدعم نے چوری کر لیا تھا اور وہ چپل کے تسمے بھی انہی اموال کا حصہ تھے جو لوگوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبانی وعید سن کر پیش کیے تھے۔
(2) دراصل مال کے اطلاق میں علماء کے مختلف اقوال ہیں: امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے نزدیک مال کا اطلاق صرف اس مملوکہ چیز پر ہوتا ہے جس میں زکاۃ فرض ہے جبکہ دیگر ائمہ کے نزدیک ہر مملوکہ چیز پر مال کا اطلاق ہوتا ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ کا رجحان اسی امر کی طرف ہے کہ ہر چیز مملوکہ کو مال کہا جاتا ہے، اس کے متعلق نذر بھی مانی جا سکتی ہے، پھر آپ نے مختلف احادیث پیش کی ہیں جن میں ہر مملوکہ چیز پر مال کا اطلاق ہوا ہے۔ واللہ أعلم