تشریح:
1۔حضرت خالد بن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو انھیں قتل کرنے کا فیصلہ کرنے سے پہلے پوچھنا چاہیے تھا کہ تمہاری اس سے کیا مراد ہے؟ چونکہ انھوں نے یہ فیصلہ اپنے اجتہاد سے کیا تھا، اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں کوئی سزا نہیں دی۔ صرف ان کے فعل سے اظہار براءت فرمایا تاکہ لوگوں کو معلوم ہو جائے کہ حضرت خالد بن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یہ اقدام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم سے نہ تھا تاکہ آئندہ کوئی ایسا کرنے کی جراءت نہ کرے۔
2۔اس سے معلوم ہوا کہ اس قسم کا فیصلہ اگراجتہاد وتاویل کی بنیاد پر ہوتو اس پر کوئی گناہ نہیں ہوگا لیکن چونکہ یہ فیصلہ کتاب وسنت کے خلاف تھا، اس لیے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں نے اسے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے موقف کی تائید فرمائی اور حضرت خالد رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اقدام قتل سے اظہار براءت فرمایا۔ (فتح الباري: 225/13)