تشریح:
1۔مدینہ طیبہ میں دشمنانِ اسلام کا ہر طرف ہجوم تھا، اس لیے حفاظت کے پیش نظر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا پہرا دیا جاتا تھا کہ کوئی دشمن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نقصان نہ پہنچائے۔ چنانچہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حفاظت کے لیے پہرا دیا جاتا تھا یہاں تک کہ یہ آیت کریمہ نازل ہوئی: ’’اور اللہ تعالیٰ آپ کولوگوں کے شر سے محفوظ رکھے گا۔‘‘ (المآئدة: 5/67) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں تقریباً سترہ مرتبہ قاتلانہ حملہ ہوا۔ اس آیت کے نزول کے بعد پہرا اٹھا دیا گیا۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ نبوت 23 سال ہے، ابتدائی تین سال تو انتہائی خفیہ تبلیغ کے ہیں، باقی بیس سال کے عرصے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر سترہ بار قاتلانہ حملے یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو قتل کر دینے کی سازشیں تیار ہوئیں، ان میں سے 9 حملے تو قریش مکہ کی طرف سے ہوئے تین یہود سے، تین بدوی قبائل سے، ایک منافقین سے اور ایک شاہ ایران خسرو پرویز سے اورغالباً اس دنیا میں کسی بھی دوسرے شخص پر اتنی بار قاتلانہ حملے نہیں ہوئے اور ہر باراللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بذریعہ وحی مطلع کرکے یا مدد کرکے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دشمنوں سے بچا کر اپنا وعدہ پورا کردیا۔
2۔روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ غزوہ بدر، غزوہ اُحد، غزوہ خندق، خیبر سے واپسی کے وقت، وادی قریٰ، عمرہ قضا اور غزوہ حنین میں باقاعدہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پہرا دیا گیا۔ اس تفصیل سے معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ آیت غزوہ حنین کے بعد نازل ہوئی، چنانچہ ایک روایت میں ہے کہ حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پہرا دینے والوں میں سے تھے۔ جب مذکورہ آیت نازل ہوئی تو پہراختم کردیا گیا اورحضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فتح مکہ کے بعد مسلمان ہوئے ہیں۔ (فتح الباري: 270/13)
3۔امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصد یہ معلوم ہوتا ہے کہ حرف لَيْتَ تمنی ہے۔ اس کا تعلق اکثر وبیشتر ناممکنات میں سے ہوتا ہے لیکن کبھی کبھار ممکنات کے لیے بھی استعمال ہوتاہے، چنانچہ مذکورہ احادیث میں پہرا دینا اورمخصوص وادی میں رات گزارنا ممکنات میں سے ہے۔ مؤخر الذکر کی حضرت بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے تمنا کی تھی جبکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پہرے سے متعلق تمنا پوری کردی گئی تھی۔ (فتح الباري: 269/13)