تشریح:
(1) اس حدیث میں رسول اللہ ﷺ کی عادت مبارکہ کو بیان کیا گیا ہے کہ نماز سے فراغت کے بعد آپ مقتدیوں کی طرف منہ کر لیتے تھے۔ شارحین نے اس کی حکمت یہ بیان کی ہے کہ باہر سے آنے والے کو معلوم ہو جائے کہ جماعت ہو چکی ہے۔ اگر امام قبلہ رو ہو کر بیٹھا رہے گا تو وہم ہو سکتا ہے کہ شاید وہ تشہد میں بیٹھا ہوا ہے۔ دوسری حکمت یہ بیان کی گئی ہے کہ مقتدی حضرات کو ایسے امور کی تعلیم دے جس کے وہ ضرورت مند ہیں، یا انہیں وعظ و نصیحت کرے۔ (2) علامہ زین بن منیر لکھتے ہیں کہ امام کا مقتدیوں کی طرف پیٹھ کرنا امامت کی وجہ سے تھا، جب نماز ہو چکی تو یہ سبب بھی ختم ہو گیا، چونکہ اب امامت سے فارغ ہو چکا ہے، اس لیے امام کو چاہیے کہ وہ مقتدیوں کی طرف منہ کر کے بیٹھے ایسا کرنے سے تکبر و غرور اور مقتدی حضرات پر ترفع وغیرہ کا وہم نہیں ہو گا۔ بہرحال امام کو چاہیے کہ وہ نماز سے فراغت کے بعد مقتدیوں کی طرف پیٹھ کر کے بیٹھنے کی بجائے ان کی طرف منہ کر کے بیٹھے، رسول اللہ ﷺ کی یہی عادت مبارکہ تھی۔ اگر ضرورت ہو تو سلام کے بعد اپنی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے فوراً جا سکتا ہے جیسا کہ آئندہ بیان ہو گا۔ (فتح الباري:431/2)