تشریح:
(1) محدثین نے عید الفطر کے موقع پر نماز سے پہلے کچھ کھانے کی حکمت اس طرح بیان کی ہے کہ جس اللہ کے حکم سے رمضان کے پورے مہینہ میں کھانا پینا بند رہا، آج جب اس کی طرف سے دن میں کھانے کا اذن ملا اور اس میں اس کی رضا اور خوشنودی معلوم ہوئی تو محتاج بندے کی طرح صبح ہوتے ہی اس کی نعمتوں سے لطف اندوز ہونے کا اہتمام کیا جائے، پھر اس کے لیے رسول اللہ ﷺ کھجوروں کا انتخاب کرتے تھے کہ کھجور کا ایمان کے ساتھ گہرا تعلق ہے جیسا کہ قرآن کریم میں اس مناسبت کا ذکر ہے۔ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ عید الفطر کے موقع پر نماز سے پہلے تین، پانچ یا سات یا اس سے کم و بیش طاق مقدار میں کھجوریں استعمال کرتے تھے۔
(2) طاق کے استعمال میں اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کی طرف اشارہ ہے۔
(3) اگر کھجور میسر نہ ہو تو شربت نوش کرنا بھی صحیح ہے۔ (فتح الباري:2/ 577-578) اگر گھر میں میسر نہ آئے تو راستے میں یا عید گاہ پہنچ کر بھی کھا پی لے۔ بہرحال اس کا ترک ناپسندیدہ عمل ہے۔