تشریح:
(1) ”خود تھا“ بعض روایات میں ہے کہ سیاہ پگڑی تھی۔ (صحیح مسلم، الحج، حدیث: ۱۳۵۸) ممکن ہے ایک وقت میں خود ہو، دوسرے وقت میں پگڑی ہو۔ یا خود کے اوپر پگڑی باندھ رکھی ہو یا پگڑی کے اوپر خود ہو۔ جو بھی صورت ہو، یہ ثابت ہوتا ہے کہ نبیﷺ محرم نہیں تھے کیونکہ آپ حج یا عمرہ کرنے کی نیت سے نہیں آئے تھے۔ احرام اس شخص پر فرض ہے جو حج یا عمرے کی نیت سے مکہ مکرمہ میں داخل ہو جبکہ احناف کا خیال ہے کہ جو شخص بھی مکہ مکرمہ میں داخل ہونا چاہے، وہ میقات سے گزرتے وقت لازماً احرام باندھے۔ یہ روایت ان کے موقف کے خلاف ہے۔
(2) ”ابن خطل“ نام عبداللہ تھا۔ مسلمان ہونے کے بعد ایک آدمی کو قتل کر کے مرتد ہوگیا تھا۔ رسول اللہﷺ کی ہجو گوئی شروع کر دی تھی۔ چونکہ قصاصاً یہ شخص واجب القتل تھا، ارتداد کے جرم میں بھی اس کا قتل لازم تھا، رسول اللہﷺ کی ہجو گوئی بھی قتل کی سزا کا موجب تھی، اس لیے آپ نے فتح مکہ کے موقع پر اس کے قتل کا حکم صادر فرمایا تھا۔ اس نے بچنے کے لیے کعبہ کا غلاف پکڑ لیا، مگر ایسے ملعون کو معافی کیسے مل سکتی تھی۔
(3) ”قتل کر دو“ ویسے تو حرم میں قتل منع ہے۔ مجرم کو باہر لے جا کر سزا دینی چاہیے مگر فتح مکہ کے موقع پر رسول اللہﷺ کے لیے خصوصی طور پر کچھ دیر کے لیے حرم میں قتل کی اجازت تھی، پھر قیامت تک کے لیے حرام کر دیا گیا۔