تشریح:
”مالک بن انس نے یہ روایت مرسل بیان کی“ امام مالک رحمہ اللہ یہ روایت دو اساتذہ سے بیان کرتے ہیں: ابو لیلیٰ اور یحییٰ بن سعید سے۔ جب وہ یحییٰ بن سعید سے بیان کرتے ہیں تو مرسل بیان کرتے ہیں، یعنی سہل بن ابی حثمہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کا واسطہ ذکر نہیں کرتے۔ جب ابو لیلیٰ سے بیان کرتے ہیں تو موصول بیان کرتے ہیں، اس لیے امام مالک کی یہ روایت شواہد ومتابعات کی بنا پر صحیح ہے۔ یحییٰ بن سعید کی روایت (۴۷۲۲) آئندہ آ رہی ہے جبکہ ابو لیلیٰ سے مروی روایت اس سے قبل (حدیث: ۴۷۱۴) گزر چکی ہے۔