تشریح:
امام نسائی رحمہ اللہ کے کلام کا ما حاصل یہ ہے کہ یہ روایت سندا منقطع ہے۔ انھوں نے ابو الزبیر سےابن جریج کے، یہ روایت سننے کی نفی کی ہے۔ امام نسائی کا کہنا ہے کہ مذکورہ چھ جید اہل علم نے ابن جریج سے یہ روایت تو بیان کی ہے لیکن ان میں سےکسی نے بھی ابو الزبیر سے ان کے سماع (سننے ) کی تصریح نہیں کی، اس لیے یہ روایت منقطع، یعنی ضغیف ہے۔یہ ہے امام نسائی رحمہ اللہ کا رجحان لیکن مذکورہ چھ اہل علم کا ابن جریج کے ابو الزبیر سے مذکورہ حدیث کے سماع کی تصریح سے ان محدثین کےاثبات تصریح کی نفی نہیں ہو سکتی جنھوں نے ابن جریج کے ابو الزبیر سے، مذکورہ حدیث سننے کی تصریح کی ہے۔ ویسے بھی اثبات کرنے والا نفی کرنے والے سےمقدم ہوتا ہے کیونکہ جس شخص کو بات یاد ہوتی ہے وہ اس شخص کے مقابلے میں حجت ہوتا ہےجسے بات یاد نہیں ہوتی۔ یہ مسلمہ اصول ہے۔ محقق العصر شیخ ناصر الدین البانی رحمہ اللہ نے صحیح سند سے ابن جریج کے ابو الزبیر سےسماع کی تصریح کی ہے جیسا کہ پہلے بھی ارشاد کیا گیا ہے۔ تفصیل کے لیے ملاحظہ فرمائیں: (ذخیرة العقبیٰ شرح سنن النسائي للأ تیوبي: ۹۹/۳۷۔۱۰۱،والمصنف لعبد الرزاق : ۲۰۶/۱۰) مصنف عبد الرزاق کے الفاظ توسماع میں بالکل واضح اور دوٹوک ہیں جو یہ ہیں : عن ابن جریج، قال: قال لي أبو الزبیر، یعنی ابن جریج نے کہا ہےکہ مجھے ابو الزبیر نے کہا، پھر مذکورہ روایت بیان کی، لہذا جب صحیح طور پر تحدیث وسماع کی صراحت موجود ہے تو یقینا اسے ہی تر جیح حاصل ہو گی۔