تشریح:
(1) دعائے استفتاح کے سلسلے میں سب سے زیادہ صحیح روایت یہ ہے، لہٰذا اس کا پڑھنا اولیٰ ہے۔ امام مالک دعائے استفتاح کے قائل نہیں مگر اتنی روایات صحیحہ کی موجودگی میں یہ موقف حیران کن ہے۔
(2) پانی، برف اور اولوں سے مراد مختلف قسم کی رحمتیں ہیں۔ باری تعالیٰ کی مختلف صفات ہیں، مثلاً: عفوودرگزر، مغفرت اور رحمت۔ پانی کے ساتھ برف اور اولوں کا ذکر تاکید کے لیے کیا گیا ہے، یعنی اے اللہ! ان گناہوں کی حدت و تمازت کو، جو جہنم کی آگ میں لے جانے کا سبب ہیں، پانی، برف اور اولوں سے ختم کردے۔
(3) ”میرے اور میری غلطیوں کے درمیان مشرق و مغرب جتنی دوری ڈال دے۔“ اس کا مطلب یہ ہے کہ جس طرح مشرق اور مغرب کا آپس میں ملنا محال ہے، اسی طرح مجھ سے گناہوں کو اور گناہوں کو مجھ سے دور رکھ۔
(4) علامہ کرمانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ممکن ہے اس دعائے استفتاح میں تین زمانوں کی طرف اشارہ ہو، یعنی میرے اور میری غلطیوں کے درمیان دوری سے مراد مستقبل کے گناہ یوں، تنقیہ (گناہوں کی صفائی) سے مراد زمانۂ حال کی لغزشیں ہوں اور گناہ دھونے سے مراد زمانہ ماضی میں کیے ہوئے گناہ ہوں۔ واللہ أعلم۔ (فتح الباري: ۲؍۲۹۸، تحت حدیث: ۷۴۴)
(5) اس حدیث مبارکہ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ برف اور اولوں سے طہارت حاصل کی جاسکتی ہے۔
(6) اس سے پتہ چلتا ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہمیشہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حالات و واقعات، آپ کی حرکات و سکنات دریافت کرتے رہتے تھے حتیٰ کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے ذریعے سے اپنا مکمل دین محفوظ شکل میں ہم تک پہنچا دیا۔