تشریح:
فوائدو مسائل:
(1) صحابہ کرام رضوان للہ عنہم اجمعین کے تقویٰ کا یہ کمال ہے۔ کہ انھیں سخت بیماری کی حالت میں بھی امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا خیال رہتا تھا۔
(2) گھر میں اگر کوئی غلط کام ہو تو فوراً ٹوک دینا چاہیے۔
(3) جاہلیت میں اظہار غم کےلئے لوگ سر کے بال منڈوایا کرتے تھے۔ آجکل بعض لوگ جو داڑھی منڈوانے کے عادی ہوتے ہیں۔غم کے موقع پر شیو کرنا بند کردیتے ہیں۔ اس میں ایک خرابی تو یہ ہے کہ یہ بھی ایک لحاظ سے اہل جاہلیت سے مشابہت ہے۔ دوسری خرابی یہ ہے کہ سنت رسول اللہ ﷺ یعنی ڈاڑھی رکھنے کا تعلق غم سے جوڑ دیا گیا ہے۔ جبکہ داڑھی صرف آپﷺ کی سنت ہی نہیں بلکہ تمام انبیاء کرام علیہ السلام کی سنت ہے۔ اس لئے اسے ان امور فطرت میں شمار کیا گیا ہے۔ جن کا تمام شریعتوں میں حکم دیا گیا ہے۔ دیکھئے: (سنن ابن ماجة، حدیث:293) اسی طرح اظہار غم کےلئے سیاہ لباس پہننا بھی کفار کی نقل ہے۔ جب کہ دین اسلام میں کفار سے مشابہت اختیار کرنا حرام ہے۔